ہم پہ تہمت نہیں الزام لگا سکتے ہو
اور اِس کام سے شہرت بھی کما سکتے ہو
اک نجومی نے مرا ہاتھ پڑھا اور کہا
تم کسی کو بھی کہیں ہاتھ دِکھا سکتے ہو
رزق اور عشق کمانا' تمہیں کیا مشکل ہے
شعر کہہ لیتے ہو' تصویر بنا سکتے ہو
بیٹھ سکتے ہو مِرے پاس' اگر دل چاہے
دل نہ مانے تو کسی وقت بھی جا سکتے ہو
باغ تو باغ تمہیں دشت سلامی دے گا
شاخ ِ گریہ پہ اگر پھول کِھلا سکتے ہو
اِس قدر زور سے ہم بات نہيں کر سکتے
جتنی خاموشی سے تم شور مچا سکتے ہو
بات کر سکتے ہو تم مجھ سے مَحبّت کے عِــوَض
اور مصیبت میں مجھے کال مِلا سکتے ہو
تم مِری آنکھ نہيں' دل میں رُکے ہو ' عـامـی
اب مجھے چھوڑ نہيں' توڑ کے جا سکتے ہو
عمران عامی