google-site-verification=1cDsmHCmXJben2iPuLhkG29LoKl9irWX4R1j9rOP9vw تم کو میں پاگل لگتی ہوں؟

تم کو میں پاگل لگتی ہوں؟


 تم کو میں پاگل لگتی ہوں؟

جی چاہے تو پیار جتاؤ


جی چاہے تو ہاتھ چُھڑا کر گم ہو جاؤ

دل چاہے تو مجھ سے میرے بارے میں پوچھو


کیسی ہوں، کیسا دن گزرا، کیا کھایا، میں کس سے ملی

اور دل چاہے تو، مرتی بھی ہوں، تب بھی خاموشی کو اوڑھے 


تم میرے ہونے کو نہ ہونا کر ڈالو 

تم کو میں پاگل لگتی ہوں؟


مجھ پر لازم ہے ہر پل میں تم کو سوچوں 

جو لکھوں بس تم پر لکھوں


جو بھی بات کروں اس میں ہو ذکر تمہارا 

جو بھی خواب بُنوں اس خواب کی راجہ ہو تم 


میری پریم کہانی ہو تم 

اور تم جب دل چاہے، بیگانے ہو جاؤ


کون ہوں، کیا ہوں اس سے انجانے ہو جاؤ

میرے سب جذبوں کو کھیل تماشہ کہہ دو 


جو دل میں آتا ہے مجھ کو ویسا کہہ دو 

اور یہ چاہو۔۔۔۔


میں پھر بھی دل کے مندر میں تمہیں سجاؤں 

اپنی ہر اک سانس تمہارے نام لگاؤں 


تم کو پانے کی خواہش میں خود کو کھو دوں 

جب تم بولو ہنس دوں جب بولو میں رو دوں


تم کو میں پاگل لگتی ہوں؟


سچ پوچھو تو، جھوٹ نہیں، میں ایسی ہی ہوں 

تم کو جیسا لگتا ہے، میں ویسی ہی ہوں